لاہور: تاریخ: 12 جولائی 2018
ٹیکسٹائل سیکٹر میں بھی بہت جلد سیکٹر سکل کونسل قائم کر دی جائے گی۔ ذوالفقار چیمہ
نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر ہمارا اہم ترین شعبہ ہے۔ اس میں جلد سیکٹر سکل کونسل قائم کر دی جائے گی۔ سیکٹر سکلز کونسلز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ سیکٹر سکلز کونسلز انڈسٹری اور تربیتی اداروں کے درمیان پُل کا کردار ادا کریں گی۔ یہ کونسلز انڈسٹری کی ضروریات کو اُجاگر کریں گی اور تربیتی ادارے ان ضروریات کے مطابق تربیتی کورس مرتب کیا کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ فنی ہنر مندی کے فروغ سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے ۔ اگر یہ گورنمنٹ ، انڈسٹری اور میڈیا کی ترجیحِ اوّل بن جائے تو بیروزگاری اور غربت کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ذوالفقار چیمہ نے کہاکہ انڈسٹری اور تربیتی اداروں کے مابین شراکت کو فروغ دینے کے حوالے سے سیکٹر سکلز کونسلز کا قیام قابلِ تحسین ہے ۔ اس سے مستقبل میں ہنر مند نوجوانوں کے روزگار کے امکانات میں بہت اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکٹر سکلز کونسلز پاکستان کے ٹیویٹ سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگاری ہمارے ملک کیلئے ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کا واحدحل ہمارے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر اپنے اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل بنانا ہے۔
لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں نشاط ٹیکسٹائل، کریسنٹ باہومان، یو ایس اپیرل، آؤٹ فٹرز، ستارہ ٹیکسٹائل کے عہدادران کے علاوہ بڑی تعداد میں صنعت کاروں نے شرکت کی ۔ اس تقریب کا انعقاد ٹیوٹ سیکٹر سپورٹ پروگرام کی معاونت سے ہوا۔ یہ پروگرام ملک بھر میں یورپی یونین ، جرمنی اور ناروے کی حکومتوں کی تعاون سے جاری ہے۔